جہلم میڈیا ون کا اہم اجلاس منعقد

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم میڈیا ون کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سال 2021-22 ؁ء کے لئے عہدیداروں کا چناؤ باہم مشاورت سے کیا گیا، صحافیوں کی کثیر تعداد نے میڈیا ون کے غیر معمولی تنظیمی اجلاس میں شرکت کرکے نو منتخب عہدیداران کو اپنی طرف سے حمایت کا یقین دلایا، اس موقع پر سرپرست اعلیٰ محمد امجد بٹ، چیئرمین سید اکرم حسین بخاری نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافی معاشرے کی رہنمائی اور انہیں معاشرتی مسائل کے حل کیلئے تیار کرنے میں بھرپور کردار ادا کرتے ہیں،جس سے معاشرے میں جنم لینے والی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مثبت اور کھری صحافت کرنے والے صحافیوں کیلئے میڈیا ون کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں،نئے صحا فی نوجوان اس شعبہ سے منسلک ہو رہے ہیں انہیں چاہئے کہ دیانتداری فرض شناسی اور محنت سے یہ فریضہ سر انجام دیں تاکہ عوام میں پہلے سے زیادہ صحافی برادری کا وقار بلند ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں،چوبیس گھنٹے اپنی خدمات سر انجام دے کر عوام کو آگاہی فراہم کر تے ہیں، میڈیا ون تنظیم سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے ہمیشہ مثبت صحافت کو فروغ دیا ہے،مظلوموں کی آواز کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے۔نو منتخب صدر مرزاقدیر بیگ نے صحافی بھائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو چاہیے کہ کسی بھی خبر کو شائع کرنے سے پہلے خبر کی اچھی طرح تحقیق کر لیں تاکہ بعد میں شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی بقا اور ان کے حقوق کی جنگ آخری سانس تک لڑتے رہیں گے، صحافی اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اپنے خاندان کی پرواہ کئے بغیر مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی آواز کو اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے کیلئے بہت سے خطرات سے گزارتے ہیں لیکن صحافیوں کو وہ مقام نہیں مل سکا جس کے یہ حق دار ہیں، صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔نو منتخب جنرل سیکرٹری چوہدری مہربان حسین نے کہا کہ میڈیا ون کے معزز اراکین نے اپنے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے جو ذمہ داریاں ہمیں سونپی ہیں ان پر ہر حال میں پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، اسلام آباد کے صحافیوں کو مسائل کا سامنا نہیں جتنا علاقائی صحافیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، صحافیوں کی کالونی کے لئے جہلم پریس کلب کے ساتھ ملکر جدوجہد کریں گے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب میڈیا ون اور جہلم پریس کلب کے صحافیوں کے اپنے گھر ہونگے۔ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم ایجنڈا تیار کیا جائیگا جس کو عملی طور پر نافذالعمل کیا جائیگا۔ اس موقع پر سابق صدر میڈیا ون شیخ ذوالفقار علی نے سابقہ عہدیداروں کو تحلیل کرکے نئے عہدیداروں کا اعلان کر دیا جس کے مطابق سرپرست اعلیٰ محمد امجد بٹ، سرپرست محمد امجد ضیاء،چیئرمین سید اکرم حسین بخاری، وائس چیئرمین خالق تنویر، صدر مرزا قدیر بیگ، سینیئر نائب صدر چوہدری ظفر نور، نائب صدر اول مرزا قاسم بیگ، نائب صدر دوئم سید قلب حسین شاہ، جنرل سیکرٹری مہربان حسین چوہدری، جائنٹ سیکرٹری عارف محمود قریشی، انفارمیشن سیکرٹری فضل حسین خان، فنانس سیکرٹری مشرف جنجوعہ، میڈیا کوارڈینیٹر عبدالمنان کو نامزد کیا گیا۔اجلاس میں جہلم پریس کلب کے صدر چوہدری عابد محمود، میڈیا کوآرڈینٹر محمد شہباز بٹ، وسیم قریشی، راجہ جہانزیب خان ترک، آصف جٹ،عامر غفور، عمیراحمد راجہ، مرزا کفیل بیگ کیفی،عبدالباسط مجاہد،عبدالغفارآذاد، اسماعیل افتخار، چوہدری دانیال عابد، سید ناصر حسین شاہ،، وسیم تبریز، محمد عاطف بٹ، امتیاز بیگ، راجہ سہیل کیانی، اشرف جنجوعہ، مشرف جنجوعہ، عادل جٹ، سید قلب حسین شاہ، محمد عارف قریشی، تنویر احمد، مرزا قاسم بیگ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔