جہلم بلال ٹاؤن بابا جی عرفان الحق گراؤنڈ میں فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام پودے لگائے گئے

جہلم(چوہدری عابد محمود +اسماعیل افتخار)جہلم خدمت آپ کی دہلیز پر موسم برسات شجرکاری مہم کے ساتویں روز بلال ٹاؤن بابا جی عرفان الحق گراؤنڈ میں فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام پودے لگائے گئے۔ جس کے مہمان خصوصی دینی و مذہبی شخصیت بابا عرفان الحق اور ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر تھے، اس کے علاؤہ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد، فرحت کمال ضیا، سی ای او حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ، صدر پی ایم اے جہلم ڈاکٹر تفسیر گوندل اور ریسکیو 1122 سٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر کا کہنا تھا کہ موسم برسات شجرکاری مہم میں ضلع جہلم کا 14 ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ تھا جب کہ ہم نے اپنے ٹارگٹ سے زیادہ پودے لگائے ہیں۔ بابا عرفان الحق نے کہا کہ درخت موسموں کو بدلتے ہیں، سایہ دیتے ہیں اور یہ ٹھنڈک بھی دیتے ہیں۔ جس نے درخت لگانا سیکھ لیا اس نے بڑی کامیابی حاصل کرلی،انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم میں ہم سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خدمت آپ کی دہلیز پر موسم برسات شجرکاری مہم کا پہلا ہفتہ مکمل ہو چکا ہے جس کے تحت ضلع کی چاروں تحصیلوں میں پورے ہفتے میں روزانہ کی بنیاد پر سرگرمیاں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کا سلسلہ مون سون موسم میں جاری رہے گا۔