سوہاوہ میں مہنگائی کا طوفان نہ تھم سکا

انتظامیہ سوہاوہ کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر شائع کی جانے والی ریٹ لسٹوں کی دکانداروں کے سامنے کوئی حیثیت ہی نہیں
سوہاوہ(جلیل کیانی) سوہاوہ میں مہنگائی کا طوفان نہ تھم سکا، انتظامیہ سوہاوہ کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر شائع کی جانے والی ریٹ لسٹوں کی دکانداروں کے سامنے کوئی حیثیت ہی نہیں،شہری لٹنے لگے، انتظامیہ خاموش تماشائی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آہستہ آہستہ مرغی اور بڑے گوشت کے علاوہ اب پھل اور سبزیاں بھی ہماری پہنچ سے دور ہونے لگی ہیں۔ ریٹ لسٹ کے مطابق ہر چیز کے ساتھ 50 سے 60 روپے زائد دے کر خریدناپڑتی ہے جبکہ بڑے گوشت کے ساتھ 100 سے 150 روپے زائد دینا پڑتے ہیں تب جا کر سوہاوہ کے شہریوں کو پھل، سبزی، اور گوشت خریدنے کو ملتا ہے اور دوسری طرف سوہاوہ کا بازار انتظامیہ کے کنٹرول سے باہر دکھائی دیتا ہے جوکہ مہنگائی پر قابو پانے میں بُری طرح ناکام ہو چکی ہیں۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے سوہاوہ میں آئے روز بڑھتی ہوئی مہنگائی پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔