آئیسکو حکام عوام کو سڑکوں پہ آنے پر مجبور نہ کریں، راجہ سفیر اکبر

سوہاوہ(ظفر غوری) آئیسکو حکام عوام کو سڑکوں پہ آنے پر مجبور نہ کریں، شدید گرمی میں کئی کئی گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے ورنہ سوہاوہ کے عوام شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے، راجہ سفیر اکبر۔ تفصیلات کے مطابق سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 25 راجہ سفیر اکبر نے سوہاوہ پریس کلب کے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند روز سے سوہاوہ کے عوام کو بلا وجہ گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے آئیسکو حکام کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اگلے چند روز میں یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو سوہاوہ کے عوام سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس شدید گرمی کے عالم میں آئیسکو حکام کی جانب سے سوہاوہ کے عوام کو شدید عذاب میں مبتلا ہوتا نہیں دیکھ سکتے اور سوہاوہ کے عوام کی قیادت کرتے ہوئے جی ٹی روڈ کو بلاک کردیں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی تمام تر ذمہ داری آئیسکو حکام پر عائد ہوگی۔