جہلم اندرون شہر میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد نہ ہوسکی

جہلم(چوہدری عابد محمود +عامرکیانی)جہلم اندرون شہر میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد نہ ہوسکی، حادثات روزانہ کا معمول بن گئے، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او جہلم، ڈی ایس پی ٹریفک سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کے حوالے بورڈ تو آویزاں کر رکھے ہیں لیکن ان پر عملدرآمد کروانے میں انتظامیہ بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ یہاں یہ امر قابل زکر ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بڑے بڑے بورڈ آویزاں کر رکھے ہیں جس کے مطابق بھاری گاڑیوں کا شہر میں داخلہ ممنوع ہے، انتظامیہ کی سرپرستی کیوجہ سے کریش مالکان اور ٹرانسپورٹرز انتظامیہ کی طرف سے مقرر کئے گئے راستوں پر آمدورفت جاری رکھنے کی بجائے شہر میں سے گزرنے کو ترجیح دیتے ہیں جس کیوجہ سے اندرون شہر چکدولت روڈ سمیت دیگر سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہیں، شہریوں کی جانب سے متعدد مرتبہ قومی و مقامی اخبارات کے ذریعے اندرون شہر میں بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کے حوالے خبریں شائع کی گئیں لیکن انتظامیہ کی سرپرستی کیوجہ سے کریش مالکان اور ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں کرنے سے انتظامیہ گریزاں ہے، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈی پی او، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس، آر ٹی اے سیکرٹری، موٹر وہیکل ایگزامینر کوشہر کے اندر داخل ہونے والی بھاری گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سڑکوں کے ساتھ ساتھ حادثات سے بچا جا سکے۔