fawad-chaudhary

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سےبار ایسوسی ایشن کی ملاقات

پنڈ دادنخان (ملک ظہیر اعوان):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے اسلام آباد ہائی کورٹ بار، ڈسٹرکٹ جہلم، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے جمعرات کو یہاں ملاقاتیں کیں۔ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے وفد نے سینئر ایڈووکیٹ سید علی بخاری، راجہ قمر عنایت سابق سیکرٹری بار ایسوسی ایشن، چوہدری خانزادہ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات کی۔ بار ایسوسی ایشنز کے وفود کے ساتھ ملاقات میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب چوہدری فیصل فرید اور سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار چوہدری بلال رضا بھی شامل تھے۔ وفود نے چوہدری فواد حسین کو وزیر اطلاعات کا قلمدان سونپے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے وفاقی وزیر اطلاعات کو وکلاءبرادری کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وکلاءبرادری کے مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، بار ایسوسی ایشنز میرا دوسرا گھر ہیں، بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ خاندانی وابستگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کا دستور کی عمل داری اور قانون کی حکمرانی میں کلیدی کردار ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وکلاءجمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں، آئین کی بالادستی میں وکلا کا مثالی اور روشن کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ رابطے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی ٹاسک دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نوجوان وکلاء کے چیمبرز کی تعمیر کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 10 لاکھ تک قرض کی فراہمی کو ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاءکو وزیراعظم کے نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے میں بھی شریک کرنا بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد اسلام آباد اور راولپنڈی کی بار ایسوسی ایشنز کا دورہ کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیراعلیٰ پنجاب پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ بار جہلم کے لئے 30 لاکھ روپے کا چیک جبکہ سوہاوہ اور پنڈ دادن خان کے لئے 10، 10 لاکھ روپے کے چیک بار کونسلز کے عہدیداران میں تقسیم کئے۔ جہلم، پنڈ دادنخان اور سوہاوہ کے وفود کی قیادت ڈسٹرکٹ بار صدور راجہ ضمیر اختر، توقیر احمد خاں اور راجہ گل نواز کر رہے تھے