جہلم سمیت ضلع بھر کی مساجد میں سینکڑوں مسلمان آج اعتکاف میں بیٹھیں گے

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی) جہلم سمیت ضلع بھر کی مساجد میں سینکڑوں مسلمان آج اعتکاف میں بیٹھیں گے۔رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ آخری عشرہ میں داخل ہونے جا رہا ہے، آخری عشرہ کی طاق راتوں میں ہزار مہینوں سے بہتر اور افضل رات لیلٰۃ القدر کو تلاش کرنے اور اللہ کا قرب اور خوشنودی حاصل کرکے اپنے گناہوں کی بخشش کیلئے آج بروز سوموار نمازِمغرب سے قبل خواتین گھروں جبکہ مرد مساجد میں اعتکاف کریں گے اور عیدالفطر کا چاند نظر آنے کے بعد درودوسلام کی صدائیں بلند کرتے اعتکاف اختتام پذیر ہوجائے گا۔شہر میں سب سے زیادہ لوگ ڈھوک جمعہ میں قائم مدنی مسجد میں اعتکاف کریں گے جب کہ اس کے علاوہ شہر سے ملحقہ علاقوں کی تمام مساجد میں بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے درجنوں شہری یہ دینی فریضہ اداکرینگے۔ شہر سمیت ضلع کی چاروں تحصیلوں کے چھوٹے بڑے تمام قصبات، دیہاتوں و شہری علاقوں میں بھی ہرمسجد میں معتکفین کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اعتکاف بیٹھنے والے راتوں کو جاگ کر اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔