جہلم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا شہریوں کے نام اہم پیغام

جہلم(چوہدری عابد محمود +عامرکیانی)جہلم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا شہریوں کے نام اہم پیغام،ڈی پی او شاکر حسین داوڑ نے کہا ہے کہ ہاتھ ملانے یا گلے ملنے کی بجائے سینے پر دل کی جانب ہاتھ رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو السلام علیکم کہیں تاکہ کورونا وباء سے محفوظ رہ سکیں۔کورونا وائرس کی موجودہ لہر انتہائی خطرناک صورت اختیار کرتی جارہی ہے۔ان حالات میں احتیاطی و حفاظتی تدابیر اور کورونا وائرس ایس او پیز پر100فی صد عمل کرتے ہوئے ہی ہم اس وباء کو پھیلنے سے روک سکتے ہیں۔انہوں نے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ براہ کرم ماسک پہنیں، سماجی فاصلہ کی پابندی کریں،ہاتھ ملانے و گلے ملنے، (مصافحہ و معانقہ) سے گریز کریں۔سینے پر ہاتھ رکھ کر ایک دوسرے کو السلام علیکم کہنے کی عادت ڈالیں۔ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ ہاتھوں کو کم از کم 20 سیکنڈ تک بار بار صابن سے دھوئیں۔عام حالات میں سینیٹائزر کا استعمال معمول بنا لیں۔سرکاری ونجی ادارے، کاروباری و تجارتی ادارے اور جملہ دکانداران ” نو ماسک نو انٹری نو سروس” پرعملدرآمد سختی سے یقینی بنائیں،یاد رکھئے آپ کی غیر سنجیدگی اور عدم احتیاط نہ صرف آپ کے لئے بلکہ آپ کے ارد گرد موجود آپ کے پیاروں اور حلقہ احباب کے لئے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے،احتیاط کیجئے اور محفوظ رہیے۔ہر نماز کے بعد اللہ تبارک وتعالیٰ سے اس وباء سے خاتمے کے لئے خشوع وخضوع سے دعا کیجئے تاکہ اللہ پاک ہمارے گناہوں کو معاف کرتے ہوئے ہمیں اس وباء سے محفوظ رکھیں