پنڈدادنخان(ملک ظہیر اعوان)
پوری دنیا کی طرح آج ٹوبہ ضلع جہلم میں بھی جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا گیا. انجمن کاظمیہ ٹوبہ کے زیر اہتمام مسجد کاظمیہ سے نماز جمعہ کے بعد مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور دہشت گرد ملک اسرائیل کے خلاف ایک ریلی نکالی گئی. جس کی قیادت مولانا حسن ربانی، مولانا شکیل حسنی اور مولانا سجاد قمی نے کی. بعد ازاں سروبہ، بھیلوال، اتھر، ملیار،منڈاھر اور کوٹلہ سیداں کی ریلیوں نے اس مرکزی ریلی میں شرکت کی. مقررین نے یوم القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن فلسطینی عوام کو بھی ایک پیغام دیتا ہے کہ دنیا ان کے ساتھ ہے ، دنیا کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور غاصب صیہونیوں کو بھی یہ دن ایک پیغام دیتاہے اور وہ پیغام یہ ہے کہ ظلم سے حکومت قائم تو کی جاسکتی ہے لیکن باقی نہیں رہ سکتی ۔
عالمی یوم قدس کے جلوس ميں شریک آج عوام نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں نیز اسلامی کانفرنس تنظیم اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فرسودہ اور غیر موثر موقف کو ترک کرکے جعلی صہیونی حکومت کے حکام کو جنگی مجرم کی حیثیت سے سزا دیئے جانے کے لئے ٹھوس قدم اٹھائیں. اور غزہ میں فورآ جنگ بندی کی جائے. انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام اہل اسلام کو مظلوم فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اسرائیل کو تباہ برباد کر دیں.
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح نے مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے، فلسطینیوں کی حمایت اور مسلم امہ کے درمیان بیت المقدس آزادی کا جذبہ بیدار کرنے کی غرض سے ماہ رمضان کے آخری جمعے، جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دیا تھا۔ اس کے بعد سے ہرسال اس دن دنیا بھر میں عالمی یوم القدس منایا جاتا ہے.
0