پی ٹی سی ایل کے ریٹائرڈ ملازمین نے پینشن میں‌25 فیصد اضافے کا مطالبہ کر دیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم حاضر سروس ملازمین کی طرح پنشنرز کی پینشن میں بھی 25 فیصد اضافہ کیا جائے، بصورت دیگر بزرگ پنشنرز دھرنا دینے پر مجبور ہو جائیں گے، ان خیالات کا اظہار پی ٹی سی ایل کے ریٹائرڈ ملازمین نے جہلم پریس کلب کے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ بزرگ پینشنرز سڑکوں پر دھکے کھائیں بہتر ہے کہ آپ ہمارے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے 25 فیصد پینشن میں اضافے کے احکامات جاری کریں، انہوں نے کہا کہ پینشنرز کی پینشن میں 25 فیصد فوری اضافہ کرکے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے تاکہ ہم اپنی زندگی کے آخری ایام باعزت طریقے کے ساتھ گزار سکیں۔ پی ٹی سی ایل کے رہنماؤں چوہدری محمد نواز، چوہدری محمد طفیل، چوہدری عابد محمود، سمیت دیگر نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ باقی محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ریٹائرڈملازمین کی پینشنوں میں پھوٹی کوڑی کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔ جس کیوجہ سے پی ٹی سی ایل کے ریٹائرڈ ملازمین انتہائی کسمپرسی کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں ریٹائرڈ ملازمین نے کہا کہ ہماری خاموشی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ہم محب وطن ہیں ہم کسی صورت نہیں چاہتے کہ اسلام آباد دھرنا دیکر شہریوں کی مشکلات میں اضافے کا سبب بنیں، ریاست مدینہ کے حکمرانوں کو ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کو سمجھتے ہوئے کم از کم پینشن میں 25 فیصد اضافہ کیا جائے تاکہ ریٹائرڈ ملازمین بہتر طریقے سے اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پال سکیں۔