ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اخترنے سبزی و فروٹ منڈی دینہ کا علی الصبح دورہ کیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہرعباس)جہلم ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اخترنے سبزی و فروٹ منڈی دینہ کا علی الصبح دورہ کیا اور بولی کے عمل کی نگرانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی کا بھی معائنہ کیا۔ وہ تمام سٹالوں پر گئے اور مارکیٹ کمیٹی سے ریٹ کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز نے کہاکہ ناجائز منافع خوری کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ کے اعلی افسران بولی کے عمل کی خود نگرانی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سستا رمضان بازاروں کے قیام سے اہل ایمان کو ماہ رمضان میں ریلیف فراہم کیا گیا ہے مگر عام بازاروں میں اشیائے خوردنی کی قیمتوں کی بھی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرا ئس مجسٹریٹ پوری طرح فعال ہیں اور ناجائزمنافع خوروں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔