دنیا اس وقت نوح انسانی کے انتہائی نازک دوراہے پر کھڑی ہے

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم پریس کلب پرنٹ میڈیا کے صدر میاں محمد ساجد نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت نوح انسانی کے انتہائی نازک دوراہے پر کھڑی ہے، دنیاء کے ترقی یافتہ ممالک سمیت ترقی پذیر ممالک بھی عالمی وباء کورونا کی لپیٹ میں ہیں، اس سے نمٹنے کے لئے ہر ایک اپنی استطاعت سے بڑھ کر کام کررہا ہے، بحیثیت قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ رجوع اللہ کا اہتمام کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز المدد دسترخوان میں افطاری کی تقریب کے موقع پر اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ماہ صیام کے ایام میں مخیر حضرات کو چاہیے کہ وہ غریب، سفید پوش طبقہ کا خصوصی خیال کریں، ان کے گھر کی دہلیز پر راشن کا تحفہ پیش کرکے غریب دیہاڑی دار طبقہ کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں، سفید پوش جو کسی حالت میں کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے ان کی عزت نفس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اسلامی روایات کے عین مطابق کوشش کرتے ہوئے مخیر حضرات مستحق افراد کی کفالت کریں، انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت افراد رات کی تاریکی میں ان افراد کی مدد کریں جن کا کوئی آسرا نہیں، میاں محمد ساجد نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ صاحب ثروت افراد اورشہری تنظیموں کے عمائدین اس نازک موقع پر اپنی اپنی استطاعت کے مطابق بلا تفریق مذہب و مسلک سے بالا تر ہو کر تمام مستحق افراد کی مدد کا سلسلہ شروع کریں تاکہ ماہ صیام میں غریب مستحق دیہاڑی دار افراد بہتر طریقے سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اپنے گھروں کااندر روزے رکھنے کا اہتمام کر سکیں۔