جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم گیس پریشر میں کمی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ،شہرکے مضافاتی علاقوں میں غیر معیاری سلنڈرز کی ریفلنگ کا دھندہ عروج پر ناقص و غیر معیاری سلنڈرز کی فروخت جاری،دکانوں کی بھر مار، کسی بڑے سانحہ کا خدشہ،سول ڈیفنس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر معیاری سلنڈرز کی روک تھام کیلئے تاحال کوئی اقدامات نہیں اٹھائے۔شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت اور سوئی گیس کی بندش کے باعث سوئی گیس کی عدم دستیابی کیوجہ سے گیس سلنڈرزکا استعمال بڑھ گیا ہے، ضلعی انتظامیہ سمیت سول ڈیفنس کے افسران و عملے کی عدم توجہی کے باعث شہر و گردو نواح میں غیر معیاری سلنڈرز کی بھر مار ہوچکی ہے جس کے باعث کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ پیش آسکتا ہے، غیر معیاری سلنڈرز کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کی جانب سے تاحال کس قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ اندرون شہر کے علاقوں جن میں محمدی چوک روڈ، روہتاس روڈ چوک،مشین محلہ روڈ، کریم پورہ روڈ، بلال ٹاؤن،محمود آباد، جامعہ اثریہ روڈ، بورڈنگ محلہ، کالا گجراں، چونترہ، کھرالہ سمیت مختلف علاقوں میں غیر معیاری سلنڈروں کی ریفلنگ اور فروخت کا دھندہ زور و شور سے جاری و ساری ہے جس سے کسی بھی وقت کوئی بھی نا گہانی واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سلنڈر ری فلنگ کے دوران آگ لگنے کے واقعا ت رونما ہو چکے ہیں اور جس میں انسانی جانوں کے ضیاع سمیت مالی نقصانات بھی ہو چکے ہیں ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کے عملے کی غفلت لا پر واہی اور عدم توجہی کی وجہ سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ دوبارہ کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
0