جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم اندھیر نگری چوپٹ راج، شدید سردی کے موسم میں کئی کئی گھنٹے گیس و بجلی کی لو ڈشیڈنگ، صارفین سخت مشکلات کا شکار،ارباب اختیار نوٹس لیکر بنیادی سہولیات مہیا کریں۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ گیس و بجلی کی آنکھ مچولی نے صارفین کا جینا عذاب کرکے رکھ دیا ہے، صارفین نے شدید سردی سے بچنے کے لیے گیس سلنڈروں اور کوئلوں کا استعمال کرنا شروع کر دیا،صارفین کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ نے ذہنی مریض بنا دیا ہے اور ایل پی جی گیس کے نرخ آسمان سے باتیں کررہے ہیں، حکمرانوں نے سوائے اپنی جیبیں بھرنے کے اس ملک اور عوام کے لیے کچھ نہیں سوچا، گیس کی لوڈ شیڈنگ سے روزمرہ کی زندگی بہت مشکل بن چکی ہے، کاروباری حضرات اور سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین سمیت سکولز و کالجز میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو صبح بغیر ناشتے کے جانا پڑتا ہے اور جب وہ شام کو گھر واپس لوٹ کر آتے ہیں تب بھی گیس کا نام ونشان نہیں ہوتا، موسم سرما کی تعطیلات ختم ہو چکی ہیں اور اب معصوم بچے بھی سکول ناشتے کے بغیر ہی جارہے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کو چاہیے کہ وہ گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پائے اور عوام کو جینے کا حق دیں۔
0