0

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کا سونامی شہریوں کے لیے ڈراؤ نا خواب بن گیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کا سونامی شہریوں کے لیے ڈراؤ نا خواب بن گیا، پیاز کی سرکاری قیمت 160 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ دکاندار 200 روپے فی کلو میں فروخت کررہے ہیں۔ آلو سمیت ضروری سبزیوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق شہرسمیت ضلع بھر میں خود ساختہ ہوشربا مہنگائی سے شہری سخت از یت کا شکار ہوچکے ہیں، مارکیٹ کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری نرخوں میں بھی تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔ سرکاری طور پر تمام تر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے،جبکہ پیاز کی سرکاری قیمت 160 روپے فی کلومقرر ہے،سبزی فروش دکانوں پر پیاز 190 روپے جبکہ ریڑھی بان 200 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹماٹر کی سرکاری قیمت 85 روپے مقر ر ہے، جبکہ سبزی فروش ٹماٹر 150 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔ آلو کی سرکاری قیمت55 روپے مقرر ہے جبکہ دکاندار 70 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کررہے ہیں۔ شملہ مرچ، مولی، ادرک، سبز مرچ، دھنیہ، شلجم، گاجر اور مولی کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کرکے فروخت کئے جارہے ہیں۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے کارندے کبھی کبھار معمولی جرمانے کر کے اپنی جان چھڑا لیتے ہیں۔