0

پاکستان کیخلاف میلبرن ٹیسٹ کیلئے آسٹریلین اسکواڈ کا اعلان

 آسٹریلین اسکواڈ
آسٹریلیا کے مڈل آرڈر بلے باز مارنس لبوشین انجری سے صحتیاب ہو گئے ہیں جس کے بعد آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مارنس لبوشین پاکستان کے خلاف پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز کے دوران سیدھے ہاتھ پر پاکستانی فاسٹ باؤلر خرم شہزاد کی گیند لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔

انجری کے بعد کیمرون گرین کے دوسرے کھیلنے کا امکان تھا لیکن آسٹریلین میڈیکل بورڈ نے مارنس لبوشین کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے فٹ قرار دے دیا جس کے سبب اب گرین کو ٹیسٹ کھیلنے کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔

لبوشین کے انجری سے صحتیاب ہونے کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے 26 دسمبر سے پاکستان کے خلاف میلبرن میں شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور ممکنہ طور پر میزبان ٹیم فاتح الیون کے ساتھ ہی میدان میں اترے گی۔

آسٹریلیا نے فائنل الیون کے اعلان سے قبل نوجوان فاسٹ باؤلر لانس مورس کو بیک اپ کے طور پر طلب کیا تھا لیکن پھر ٹیم میں کسی تبدیلی کے بغیر ہی تیسرے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

کیریئر کی آخری ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر نے پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 164 رنز بنائے تھے اور اس کارکردگی کی بدولت وہ بھی آخری ٹیسٹ میچ کے لیے اپنی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

ٹیم کے اعلان کے بعد لانس مورس کو بگ بیش کھیلنے کے لیے اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا ہے کیونکہ اگر ٹیم کے اولین انتخاب فاسٹ باؤلرز مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وُڈ انجری کا شکار ہوتے ہیں تو ایسے میں اسکاٹ بولینڈ ان کی جگہ لینے کے لیے پہلے سے اسکواڈ میں موجود ہیں۔

چیف سلیکٹر جیارج بیلی نے کہا کہ مورس ہمارے مستقبل کے منصوبوں کا حصہ ہیں لیکن پرتھ ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی عمدہ باؤلنگ کے بعد ہم نے ٹیم میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں کی۔

میلبرن ٹیسٹ کے لیے آسٹریلیا کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

پیٹ کمنز(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، ایلکس کیری، نیتھن لائن، جوش ہیزل وُڈ، مچل اسٹارک، کیمرون گرین اور اسکاٹ بولینڈ۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 360 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔