جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم الیکشن کمیشن نے اگلے سال 8فروری کوہونے والے عام انتخابات کے لیے ضلع جہلم کی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کر دی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ملک بھر کی طرح جہلم کی حلقہ بندیاں بھی مکمل کی گئی ہیں جس کے مطابق ضلع جہلم میں قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد2 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 3 نشستیں ہوں گی۔حلقہ بندیوں میں 1998 والا فارمولا دوہرا گیا ہے۔ تمام دیہی علاقے این اے 61 میں اور شہری علاقے این اے 60 میں شامل کر دیئے گئے۔ جہلم رورل اور جہلم شہری 2 حصوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ جہلم کے شہری علاقے این اے 61 سے فارغ کر کے این اے 60 میں شامل کر دیئے گئے۔ابتدائی حلقہ بندیوں کے بعد ضلع جہلم سے الیکشن کمیشن کو ایک درجن سے زائد شکایات اور تجاویز موصول ہوئیں لیکن قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی حد بندی میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔حلقہ بندیوں میں حلقہ این اے 60 جہلم ون میں سوہاوہ، دینہ اور جہلم کا شہری علاقہ جبکہ حلقہ این اے 61 II- میں جہلم دیہی، پنڈدادنخان، سوہاوہ اور دینہ کے دیہی علاقے شامل کئے گئے ہیں۔قومی اسمبلی کے حلقوں کے بعد ضلع جہلم کے صوبائی حلقوں کے نمبرز تبدیل کر دیئے گئے ہیں۔ تحصیل سوہاوہ اور دینہ کو شامل کر کے حلقہ پی پی 24 جہلم ون بنایا گیا ہے، جہلم اور دینہ کے چند علاقے شامل کر کے حلقہ پی پی 25 جہلم II جبکہ حلقہ پی پی 26 III- میں تحصیل پنڈدادنخان مکمل اورتحصیل جہلم کے چند علاقے شامل کئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے پہلے 5 اگست 2022 کو حلقہ بندیاں کی تھیں مگر پھر ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج شائع ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق نئے سرے سے حلقہ بندیاں کرنا پڑیں۔الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق الیکشن کمیشن نے گزشتہ 3 ماہ میں ضلع جہلم سمیت ملک بھر کے حلقوں کا از سر نو جائزہ لیا اور پھر تجاویز اور شکایات کے جائزے کے بعد نئی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست گزشتہ ماہ 30 نومبر کو جاری کر دی ہے۔
0