0

12 اگست کو اسمبلی تحلیل ہوئی تو 11 اکتوبر تک انتخابات کروا دیں گے: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ 12 اگست کی مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہونے کی صورت میں 11 اکتوبر تک انتخابات کروا دیں گے، اگر اس سے قبل اسمبلی تحلیل ہوئی تو 3 ماہ میں الیکشن کرا لیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر میں صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمہ وقت ملک میں صاف و شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کیلیے تیار ہے تاہم اگر نئی مردم شماری کی منظوری ہوتی ہے تو پھر حلقہ بندیوں کیلیے چار ماہ درکار ہوں گے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کو الیکشن کمیشن نے 60 سے زائد سفارشات دی تھیں، میری معلومات کے مطابق ہماری تقریباً ساری سفارشات مان لی گئیں، جب تک باضابطہ سفارشات منظور نہیں ہو جاتیں اس وقت تک کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ اسمبلیاں 12 اگست تک تحلیل ہوتی ہیں تو 11 اکتوبر تک الیکشن کروا دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو انتخابی نشان جاری کرنے کے بارے میں سیکریٹری الیکشن نے بتایا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کا معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے، انتخابی نشان جاری کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں کہوں گا۔

ڈی جی پولیٹیکل فنانس ونگ مسعود شیروانی نے کہا کہ قانون کے مطابق ہر سیاستدان الیکشن کمیشن کو اپنے اثاثے جمع کروانے کا پابند ہے، اس سے قبل پولیٹیکل فنانس ونگ کے ڈی جی نے بریفنگ دی اور بتایا کہ سیاسی جماعتوں کے اور امیدواروں کے اکاؤنٹس اور اثاثوں کے حوالے سے ڈیٹا بیس قائم کیا گیا ہے۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں