0

یونان کشتی حادثہ: انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ گرفتار

یونان کشتی حادثہ
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق یونان کشتی حادثے کے بعد انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ایجنٹ کا تعلق وزیرآباد سے ہے۔

ایف آئی اے حکام کی جانب سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ایجنٹ شہریوں کو یورپ بھجوانے کیلئے پیسے وصول کرتا تھا۔ ایجنٹ متاثرہ فیملز سے پیسے لے کر لیبیا مرکزی ایجنٹوں کو بھیجتا تھا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار ایجنٹ اٹلی پہنچنے کے فی کس 23 لاکھ وصول کرتا تھا۔ ایف آئی اے اینٹی ٹریفکنگ سرکل گجرات نے متاثرہ فیملی کی نشاندہی پر ایجنٹ کو گرفتار کیا۔ گرفتار ایجنٹ سے مرکزی اسمگلرز کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

اس حوالے سے ایڈیشنل ڈی جی نارتھ رانا عبد الجبار نے کہا ہے کہ کشتی حادثے کے شکار افراد کے اہل خانہ ہم سے رابطہ کریں۔ یونان کشتی حادثے کا جیسے ہی علم ہوا، معلومات حاصل کی گئیں۔ مزید ایجنٹس کو گرفتار کیا جائے گا اور اسمگلنگ ایکٹ کے تحت سزائیں دی جائیں گی۔

ایڈیشنل ڈی جی نارتھ نے بتایا کہ کچھ ایجنٹس کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے جنہیں عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ اس حوالے سے ہم لیبیا، اٹلی اور گریس کے حکام سے رابطے میں ہیں۔ گریس اوراسپین میں اس وقت ایف آئی اے نمائندے موجود ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انسانی اسمگلرز سے متعلق بھی مختلف ممالک سے رابطے میں ہیں، انسانی اسمگلرز کے خلاف کیسز میں گواہ کا بیان اہم ہوتا ہے۔ گزشتہ سال بھی 19 ہزار 55 مشتبہ مسافروں کو آف لوڈ کرایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں