0

یوم تکریمِ شہدائے پاکستان پر صدر مملکت اور وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام

یوم تکریمِ شہدائے پاکستان پر صدر مملکت اور وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام
یوم تکریمِ شہدائے پاکستان کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاک فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے جوانوں، افسران نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، پوری قوم اپنے شہدا کی مقروض رہےگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور سلامتی ہمارے شہدا کی گراں قدر خدمات کے بغیر ممکن نہیں، پوری قوم کو اپنے بہادر شہدا پر فخر ہے، سرحدوں کے دفاع کے علاوہ فورسز نے دہشتگردی کی لعنت کو بھی کامیابی سے شکست دی۔

صدر مملکت نے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے اپنی افواج کی بہادری، قربانیوں کی بدولت دہشتگردی کے عفریت پر تن تنہا قابو پایا، شہدا کے خاندانوں کے جذبہ حب الوطنی پر فخر محسوس کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے، عہدکریں کہ ہم اپنے بہادر شہداکو کبھی نہیں بھولیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم یوم تکریم شہدا پاکستان بھر پور طریقے سے منارہی ہے، قوم اپنے ہیروز، غازیوں اور شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کریگی، قوم انکے خاندانوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ 9 مئی کے احتجاج پُرتشدد واقعات میں تبدیل ہوئے، یہ منصوبہ بندی کے تحت کرائے گئے، جنہوں نے انکو ڈیزائن کیا وہ بہت خطرناک ہیں، ان شرمناک واقعات کو باقاعدہ تشکیل دیا گیا، پوری قوم نے حیران اور غمزہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کی اقتدار کی ہوس نے انہیں وہ کام کرنے پر مجبور کیا جو پہلےکبھی نہیں کیا گیا تھا، شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنا کران کی بے حرمتی کی گئی، ریاست کی نشانیوں پر شرپسندوں نے پاکستان کے نظریہ اور تشخص پر حملہ کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک کے دشمنوں کو جشن منانے کی وجوہات فراہم کیں، آج ہم اپنے شہدا کی عزت و تکریم کو برقرار رکھنے کے اپنے عہد کو دہراتے ہیں، پاکستان کے وجود کا اہم جُز اسکے عوام اور شہدا کے درمیان روحانی عہد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں