0

گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین میں علامہ اقبال ڈے کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین میں علامہ اقبال ڈے کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ا س موقع پر وفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین، پروفیسر بشریٰ ناہید ودیگر اساتذہ سمیت طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں طالبات نے علامہ اقبال کی وطن عزیز سے محبت کے پیغام پر مبنی نظمیں‘ تقاریر او رٹیبلو پیش کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر بشری ٰ ناہید کا کہنا تھا کہ شاعر مشرق، ڈاکٹر علامہ محمد اقبال امت مسلمہ اور بر صغیر کی تاریخ ساز شخصیت اور ولی اللہ تھے علامہ محمد اقبال نے مغربی تہذیب کا پردہ چاک کرتے ہوئے اسلامی تہذیب و تمدن کوایک برگزیدہ، برتر اور تاریخ ساز تہذیب کے طور پر پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو افکار ِاقبال سے روشناس کروا کر اقبال کے شاہینوں کی خصوصیات پیدا کرنے کے لئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ ملکی ترقی اور خوشحالی کا سفر باآسانی طے کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا شاہین تیز نگاہ، خلوت پسنداور بلندی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہوتا ہے۔تقریب کی مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے کہا کہ شاہین کبھی اپنا آشیانہ نہیں بناتا یہ اس بات کی دلیل ہے کہ وہ مادہ پرستی کی روش چھوڑ کر درویشی کا راستہ اختیار کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہین کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ وہ دوسروں کا مارا ہوا شکار پسند نہیں کرتا مطلب اپنی ضروریات پوری کرنے کے لئے خود جدوجہد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خودی کے فلسفے میں اقبال نوجوانوں کو جذبہ ترقی، محنت، جرات اور مادہ پرستی سے پاک زندگی گزارنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ اس موقع پر مس اقراء توقیر نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل میں پیغام اقبال کو عام کرنے کے لئے اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی تاکہ بہترین کردار سازی سے سماجی مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ ترقی و کامرانی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔انہوں نے اساتذہ کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء میں افکار اقبال کی ترویج کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہمیں پیشہ وارانہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی اخلاقیات کو بہتر بنانے کے لئے بھی تربیت کا اہتمام کرنا ہو گا۔ اس موقع پر اساتذہ و طالبات سمیت کالج کے تمام اسٹاف نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔