0

گوتم گمبھیر آگ بگولہ، شاہد آفریدی کا محبت بھرا پیغام

گوتم گمبھیر اور شاہد آفریدی
پاک بھارت میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی دوستی پر جہاں سرحد پر گوتم گمبھیر آگ بگولہ ہوئے وہیں شاہد آفریدی نے اس دوستی پر محبت بھرا پیغام دیا۔

ایشیا کپ 2023 کے سلسلے میں دو روز قبل کینڈی میں کھیلا جانے والا ہائی وولٹیج پاک بھارت میچ بارش کے باعث تو بے نتیجہ رہا لیکن میچ کے قبل اور دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے باہمی دوستانہ رویوں سے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے لیکن یہ محبت بھرا انداز تعصب پرور سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر کو برہم کر گیا تاہم سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے کھلاڑیوں کی اس دوستی پر محبت بھرا پیغام جاری کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے پاک بھارت میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کسی کا بھی نام لیے بغیر کہا کہ کرکٹ سے سیاست کو الگ تھلگ رکھا جائے اور پیار و محبت کا ہی پیغام دیا جائے تو بہتر ہے۔

بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ دوستانہ ماحول میں ہونا خوش آئند ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کرکٹ سے ہی بہتر ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی پیش کررہی ہے۔ نیپال اور بھارت کے خلاف غیر معمولی کارکردگی رہی تاہم بیٹنگ اور بولنگ سے عمدہ کھیل کا یہ سلسلہ جاری رکھنا ہوگا ساتھ ہی اسپنرز کو بھی ذمے داری دکھانا ہوگی۔

واضح رہے کہ پاک بھارت میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے دوستانہ رویے پر ایک ٹی وی چینل پر تبصرے کے دوران گوتم گمبھیر اپنے کھلاڑیوں پر برہم ہو گئے تھے اور کہا تھا کہ ہندوستانی ٹیم اسٹیڈیم میں 140 کروڑ لوگوں کی نمائندگی کر رہی ہے، اُسے میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے دوستی نہیں نبھانی چاہیے۔