غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 12 رکنی جیوری نے فیصلہ دیا کہ 22 سالہ ملزم نیتھینیل ویلٹمین نے جان بوجھ کر افضال فیملی کو قتل کیا۔
نیتھینیل ویلٹمین نے جون 2021 میں لاہور سے تعلق رکھنے والے خاندان فزیو تھراپسٹ سلمان افضال کی فیملی کو کینیڈا کےشہر لندن اونٹاریو میں ٹرک سے کچل دیا تھا۔ ملزم نے گاڑی سے کچل کر سلمان افضال، ان کی اہلیہ ، بیٹی اور والدہ کو قتل کیا تھا، واقعے میں مقتول خاندان کا کمسن بیٹا زخمی ہونے کے باعث بچ گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق 22 سالہ نیتھینیل ویلٹمین کو قصور وار قرار دیے جانے کے بعد عمر قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ ملزم عدالت کے سامنے سلمان افضال کے خاندان کو اپنے پک اپ ٹرک سے ٹکرانے کا اعتراف کر چکا ہے۔ استغاثہ نے مقدمے کی سماعت میں دلیل دی کہ وہ سفید فام بالادستی کے نظریے سے متاثر تھا اور اس نے مسلمانوں کو ڈرانے یا دہشت زدہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
مسلم کمیونٹی نے بھی عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا، امام عبدالفتاح توکل نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کا فیصلہ نفرت اور اسلامو فوبیا کے خلاف جنگ میں ایک یادگار قدم ہے۔ یہ سفید فام قوم پرست دہشت گردی کے خلاف ایک مثالی فیصلہ ہے، جس نے واضح پیغام دیا کہ ہمارے معاشرے میں ایسی نفرت کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
متاثرہ خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون تابندہ بخاری نے کہا کہ ایک خاندان کی متعدد نسلوں کے ضائع ہونے کے باعث پائے جانے والے غم اور صدمے نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ تاہم یہ فیصلہ ہمیں کچھ سکون فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے نتھینیل ویلٹمین کو سزا سنانے کی تاریخ یکم دسمبر کو مقرر کر دی جائے گی۔ یہ بھی واضح رہے کہ یہ قتل 2017 میں کیوبیک سٹی کی ایک مسجد میں ہونے والی فائرنگ کے بعد سے کینیڈا میں دوسرا بڑا مسلم مخالف حملہ تھا جس میں 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔