تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد منگھوپیر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملو ث کالعدم ٹی ٹی پی حزب الاحرار کے 4 ملزمان گرفتار کرلئے۔
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں قاری عالمگیر، محمد زاہد عرف قاری، محمد کاشف عرف کاشی اور محمد یوسف شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اہم انکشافات کیے، ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں سے کاروباری شخصیات کی تفصیلات حاصل کرتے تھے، تاجروں کے موبائل فون، کاروباری جگہیں، گھروں اور ٹرانسپورٹ کی ویڈیو بناتے تھے، معلومات افغانستان میں موجود حزب الاحرار (کالعدم ٹی ٹی پی اور مہمند گروپ)کے کمانڈر محمد شعیب عرف جان نثار کو فراہم کرتے تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حزب الاحرار کمانڈر محمد شعیب عرف جان نثار نے رواں ماہ میں مختلف ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔