0

چودھری لال حسین نے کہا ہے کہ نواز لیگ نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم مسلم لیگ (ن) پی پی26 کے امیدوار چودھری لال حسین نے کہا ہے کہ نواز لیگ نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے۔عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ وفاقی حکومت یا نواز لیگ کا نہیں بلکہ نیب کا اقدام تھا تا ہم عمران خان کی گرفتاری پر ملک کے اندر جو فتنہ فساد،انتشار قومی املاک کو نقصان گھیراؤ جلاؤ ریاستی اداروں پر حملے ہوئے وہ قابل افسوس اور قابل گرفت ہیں، ہمارا عمران خان سے ذاتی نہیں بلکہ نظریاتی اختلاف ہے انہیں چاہیے کہ وہ سڑکوں پر آنے کی بجائے پارلیمان میں پہنچ کر جمہوری انداز میں اپنے مطالبات پیش کریں۔ جس سے ملک کے اندر اخلاقی و جمہوری روایات کو فروغ دیکر تصادم اور تشدد کی سیاست سے بچا جاسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سیکرٹریٹ سول لائن روڈ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، چودھری لال حسین نے کہا کہ نواز لیگ کے قائد اور انکی بیٹی مریم نواز شریف سمیت متعدد رہنماؤں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور بے بنیاد مقدمات کے الزامات میں پیشیاں بھگتیں،مگر انار کی کو ہوا دینے کی کبھی کوشش نہیں کی جو پارٹی قیادت کی جمہوریت پسندی کا واضح ثبوت ہے پی ٹی آئی نے اپنے طرز عمل سے واضح کر دیا ہے کہ یہ سیاسی جماعتوں میں شرپسندوں کا ٹولہ ہے جو ملکی حالات خراب کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں گھیراؤ جلاؤ کا ارتکاب کرنے والے اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے اور جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔