0

پی ڈی ایم سر کار وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہی ہے،فراز چوہدری

جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری کا طوفان اور معیشت کا دیوالیہ نکالنے والی پی ڈی ایم سر کار وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہی ہے اس بوکھلاہٹ میں سیاسی کارکنوں اور اصلاحی تنقید کرنے والوں کو بدترین فسطائیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ اپنے ذاتی مفادات اور نا کام ترین اقتدار کو طول دینے کیلئے نامکمل پارلیمنٹ سے مرضی کی قانون سازی کروائی جارہی ہے اور جب سپریم کورٹ اس بات کا نوٹس لیتی ہے تو پوری پی ڈی ایم اکٹھی ہو کر سپریم کورٹ پر یلغار کرنے کے ساتھ ساتھ اداروں میں پھوٹ ڈالنے کی قبیح سازش سے بھی گریز نہیں کرتی جس کی پوری قوم شدید مذمت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلط کردہ ٹولے کا پورا 1 سال اپنی کرپشن کے مقدمات ختم کروانے اور اپنے ساتھیوں کو کلین چٹ دلوانے کیلئے حسب منشاء قانون سازی اور تقرریوں سے بھرا پڑا ہے، عوام کے مسائل ختم کرنے، ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن معاشی دھارے کے تسلسل کیلئے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا اور معاشی بدحالی کے ساتھ ساتھ تاریخ ساز مہنگائی کر کے عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئیں۔ عوام امپورٹڈ حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے اور انتخابات میں عوام پی ڈی ایم کی حکومت کا کڑا احتساب کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں