0

پیشہ ور بھکاریوں کے جتھوں نے شہر کے تاجروں او ر خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کی ناک میں دم کر دیا،

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم پیشہ ور بھکاریوں کے جتھوں نے شہر کے تاجروں او ر خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کی ناک میں دم کر دیا، گروہوں کی شکل میں شہر سمیت ملحقہ علاقوں کو گھیرے میں لے لیا۔بھکاری بھیک مانگتے وقت 50/100 روپے بھیک لینے کی ضدکرنے میں مصروف، بھیک نہ دینے پر شہریوں کو بددعائیں دینا معمول بنا لیا۔ بھکاری خواتین کے گروہ نے برقعے پہن کر مسواک، پنسلیں وغیرہ اپنے پاس رکھ کر بھیک مانگنے کے جدید طریقے اختیار کر لئے، درد ناک آوازیں نکال کرشہریوں کو اپنی طرف متوجہ کر کے مختلف حیلوں بہانوں سے سادہ لوح شہریوں کی جیبیں خالی کرنے میں مگن، شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ وربھکاریوں سے شہریوں اور تاجروں کو آزاد کرانے کے لئے بھکاری ایکٹ کے تحت کارروائیاں کی جائیں۔ قابل زکر بات یہ ہے کہ بھکاریوں کی ٹولیاں پڑوسی اضلاع سے جتھوں کی شکل میں جوق درجوق چنگ چی رکشوں پر سوار ہو کر شہر اور گردونواح کے علاقوں میں پہنچ رہے ہیں دن کے اوقات میں بھکاری نقدی وصول کرتے ہیں اور شام ہوتے ہی دسترخوانوں سمیت ہوٹلوں کا رخ اختیار کر لیتے ہیں جہاں ٹھاٹھ کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھاتے دکھائی دیتے ہیں، شہریوں نے ڈی پی او، ڈی ایس پی ٹریفک، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز سے مطالبہ کیاہے کہ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں بھکاریوں کی خیمہ بستیاں اور چنگ چی رکشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ پیشہ ور بھکاریو ں سے شہریوں کو چھٹکارہ حاصل ہو سکے۔