0

پٹرول پمپس پر ملاوٹ شدہ، کم پیمانہ اور زائد نرخوں پر پٹرول کی فروخت جاری

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم شہر کے علاوہ تحصیل دینہ، تحصیل سوہاوہ، تحصیل پنڈدادنخان کے علاقوں میں قائم پٹرول پمپس پر ملاوٹ شدہ، کم پیمانہ اور زائد نرخوں پر پٹرول کی فروخت جاری ہے، انتظامیہ کی عدم دلچسپی اور نا اہلی کے باعث چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے پر شہری لٹنے پر مجبور ہیں، غیر معیاری ملاوٹ شدہ پٹرول سے شہریوں کی قیمتی گاڑیاں، موٹر سائیکلوں کے انجن ناکارہ ہورہے ہیں۔ گا ڑیوں سے نکلنے والا دھواں فضائی آلودگی کا سبب بن رہا ہے،شہر کی عوامی،سماجی، فلاعی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر سمیت اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے علاوہ تحصیل دینہ، تحصیل سوہاوہ، تحصیل پنڈدادنخان کے علاقوں میں قائم پٹرول پمپس پرپٹرولیم مصنوعات کی فروخت سے صارفین کی جیبوں پر کھلے عام ڈاکہ ڈالنے کی شکایات زبان زدعام ہے، جہلم کی تحصیلوں جن میں تحصیل دینہ، تحصیل سوہاوہ، تحصیل پنڈدادنخان شامل ہیں میں قائم پٹرول پمپس مالکان کی جانب سے مبینہ طور پر شہریوں کو کم مقدار میں پٹرول کی ناقص کوالٹی فروخت کی جارہی ہے جبکہ ملاوٹ شدہ پٹرول کے استعمال سے شہریوں کی قیمتی گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کے انجن خراب ہونے کی شکایات عام ہیں صارفین کے مطابق پٹرول پمپس مالکان کی طرف سے پٹرول کے یونٹ اور میٹروں میں ہیرا پھیری کر کے ایک سے کم پوائنٹ یا اس سے بھی کم کر دیا جاتا ہے جبکہ میٹر ایک ہی لیٹر شو کرتا ہے۔ اگر کوئی صارف کم مقدار کی شکایت کرتا ہے تو اس کے ساتھ پٹرول پمپس کے ملازمین توہین آمیز ناروا سلوک اپنا لیتے ہیں۔ ضلع بھر کی عو امی، سماجی، فلاحی شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنرسمیت اسسٹنٹ کمشنرز سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔