0

پنجاب حکومت کے پروگرام اب گاوں چمکیں گے ،ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہرباحسین)جہلم حکومت پنجاب کا اب گاوں چمکیں گے منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے پنجاب حکومت کے پروگرام اب گاوں چمکیں گے کے تحت ہونے والی پیشرفت بارے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سمیت مختلف یونین کونسلزکے سیکرٹریز اور دیگر حکا م نے شرکت کی اور اجلاس کواس پروگرا م کے تحت اب تک کی پیش رفت، عوامی سماجی حلقوں میں پذیرائی اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ڈپٹی کمشنر نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہا ر کرتے ہوئے کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو اس پروگرام میں زیادہ سے زیادہ شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔تاہم حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری سکولوں میں بہترین تعلیمی اور ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے ماڈل سکولز بنانے کے پروگرام پر کام کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں محکمہ تعلیم کے حکام نے اس پروگرام کے تحت سکولوں میں رنگ روغن، بنیادی سہولیات کی بحالی و بہتری اور دیگر امور پر بریفنگ دی، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر کے طلباء وطالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے پورے ضلع میں تمام سکولز کی مرمت و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، سکولوں میں معیاری تعلیم کے ساتھ اساتذہ کی کمی کو بھی ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جارہا ہے، بحالی کے کام کے ساتھ نصاب اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے پر بھی کام ہو رہا ہے، میرا مشن ہے کہ سرکاری سکولوں کے معیار تعلیم کو مہنگے پرائیویٹ سکولوں کے برابر لایا جائے، ہمارے بچے انہیں سکولوں سے تعلیم حاصل کر کے تعلیمی میدان میں آگے بڑھیں گے۔پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ جہلم اکتوبر کے مہینے کو بریسٹ کینسر آگاہی کے مہینے کے طور پر منا رہا ہے۔ حسن خالد وڑائچ ضلعی آفیسر پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ ثمن رائے ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پنک ربن پاکستان کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب اکتوبر کے مہینے کو بریسٹ کینسر کی اگاہی کے طور پر منا رہا ہے اس سلسلہ میں ضلع بھر میں تمام فلاحی مراکز فیملی ہیلتھ کلینک، فیملی ہیلتھ موبائل یونٹس اور تمام دفاتر میں بریسٹ کینسر کی اگاہی کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں آگاہی سیمینار، آگاہی واک، خصوصی میڈیکل کیمپس اور پمفلٹس کی تقسیم شامل ہیں اسی سلسلہ میں ماڈل فیملی پلاننگ سینٹر میں بریسٹ کینسر اگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا جس میں حسن خالد وڑائچ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر خواتین میں اموات کی ایک بہت بڑی وجہ ہے پاکستان میں ہر سال تقریبا 40 ہزار خواتین بریسٹ کینسر کی وجہ سے فوت ہو جاتی ہیں جبکہ 90 ہزار نئے بریسٹ کینسر کے مریض سامنے آرہے ہیں پاکستان میں ہر نو میں سے ایک خاتون زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے میں بریسٹ کینسر کا شکار ہو رہی ہے اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین میں بریسٹ کینسر کی آگاہی کو عام کر کے ذاتی معائنہ کی تربیت اور ترغیب کو فروغ دے کر اس موزی بیماری کی جلد تشخیص اور علاج پر توجہ دی جائے۔