جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم راجہ غضنفر علی خان نے پنجاب بھر کی طرح جہلم میں بھی ای کورٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس حوالے سے جسٹس لاہور ہائی کورٹ شجاعت علی خان کی زیرصدارت ای کورٹس میں قیدیوں کی آن لائن حاضری کے طریقہ کار کے موضوع پر آن لائن سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم راجہ غضنفر علی خان، شہباز حسین ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور جاوید اقبال سینئر سول جج (کرمینل ڈویژن) نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس پولیس، جیل، پبلک پراسیکیوشن وغیرہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ای کورٹ سے پہلے قیدیوں کے آن لائن میکانزم کے حوالے سے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPS) پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم نے بتایا کہ سیشن کورٹ جہلم کے ساتھ ساتھ سب ڈویژنز میں بھی ای کورٹس قائم کر دی گئی ہیں، جس کی صدارت سینئر سول جج جہلم اور سینئر ترین سول ججز سب ڈویژن سوہاوہ اور پی ڈی خان اپنے متعلقہ سٹیشنوں پر کریں گے۔ عدالتوں میں عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ ای کورٹس کا استعمال ان قیدیوں کے آن لائن پروڈکشن کے لیے کیا جائے گا جو چالان کے منتظر ہیں یا جن کی جسمانی پیشی عدالت میں کسی بھی اہم کارروائی کے لیے درکار نہیں ہے، ای کورٹس انٹرنیٹ، معاون لاجسٹکس اور ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم سے لیس ہیں۔ ای کورٹ تمام اسٹیک ہولڈرز کے قیمتی وقت، قیدیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گی اور انہیں عدالتوں تک لے جانے میں درپیش مسائل کو کم کرے گی۔
0