0

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 29 افراد جاں بحق، 200 سے زائد زخمی

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی
خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفان اور بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 23 افراد جاں بحق اور 146 سے زائد شہری زخمی ہوگئے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں طوفان اور بارشوں کے باعث ہونے والے حادثات میں 25 جبکہ پنجاب میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ کے پی میں 136 جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں…

خیبرپختونخوا کے اضلاع میں طوفانی بارشوں اور آندھی کے دوران دیورا گرنے سمیت مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 25 ہوگئی جبکہ مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ بنوں میں 12، لکی مروت 3 اور کرک میں 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ پنجاب کے ضلع خوشاب میں دیوار گرنے سے تین بچیاں اور حافظ آباد میں دیوار کے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفان کے باعث 136 افراد زخمی ہوئے، بیشتر حادثات، چھتیں اور دیواریں منہدم ہونے کے باعث پیش آئے۔ حکام کے مطابق صورت حال کے پیش نظر تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔جاں بحق اور زخمیوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔

تیز بارش اور ندی نالوں میں طغیانی کے سبب گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جبکہ بجلی منقطع ہوگئی ہے۔ لکی مروت میں طوفانی بارشوں کے باعث دیواریں گرنے کے واقعات میں تین بچے اور ایک خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 26 زخمیوں کو تحصیل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اُدھر سوات کے علاقے مینگورہ شہر اور گرد و نواح میں تیز بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہوئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع اور بارش کے باعث حادثات میں تین بچیوں سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے، حافظ آباد میں دیوار گرنے سے شہری جبکہ ضلع خوشاب کے علاقے نور پور تھل میں گھر کی دیوار گرنے سے تین بچیاں جاں بحق ہوئیں۔

دریں اثنا پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی آندھی اور بارش کے باعث مختلف واقعات میں 7 افراد زخمی ہوئے جبکہ کئی درخت گر گئے۔

گوجرانوالہ سمیت ریجن کے مختلف علاقوں میں جاری بارش اور تیز ہوائوں سے گیپکو کے 100 فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس کے باعث ریجن کے بیشتر علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ فیڈرز ٹرپ ہونے سے گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، ملکوال، کھاریاں، ڈنگہ حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں،جلال پور بھٹیاں، سکھیکی، جلال پور جٹاں، سیالکوٹ، وزیر آباد متاثر ہوئے ہیں۔

گوجرانوالہ میں طوفانی بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات میں 7 افراد زخمی ہوئے۔ ایمن آباد روڈ پر آندھی کے باعث اسٹیل فیکٹری کا شیڈ مزدوروں پر گر گیا،جس کے باعث کام کرنے والے 3 مزدور زخمی ہو گئے جبکہ دھلے اور گوندانوالہ میں آندھی اور بارش کے چھتیں گرنے کے واقعات میں 7 افراد زخمی ہوئے ، دھلے میں اسکریپ کے گودام کی چھت گرنے سے تین جبکہ گوندانوالہ گاؤں میں گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہوئے۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کیلیے صبر کی دعا کی جبکہ لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری اور متعلقہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کر کے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں بغیر کسی تاخیر کے شروع کی جائیں، متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں، اس مقصد کے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اعظم خان نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے، متاثرین کو ریلیف اور امداد کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے، صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔

وزیر اعلی نے محکمہ صحت کے حکام کو متعلقہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی کی ہدایت بھی کی۔

۔خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں شدید طوفان اور بارش سے ضلع بنوں ، لکی مروت اور کرک سب سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔

پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ضلعی اسپتالوں میں منتقل کردیا جبکہ ضلع بنوں کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

وزیراعظم کا اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے ہونے والے قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو بھی تعاون کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی جبکہ خیبرپختونخوا کی لیگی قیادت اور کارکنان کو اداروں کے ساتھ امدادی کام کرنے کی ہدایت کی اور چوبیس گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعظم نے کراچی کی طرف بڑھتے سمندری طوفان کے پیش نظر بھی پیشگی ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے این ڈی ایم اے سندھ حکومت اور صوبائی اداروں کے اشتراک عمل سے پیشگی تیاریاں کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے صوبہ بلوچستان میں بھی طوفان اور بارشوں کی صورتحال میں متاثرہ علاقوں اور عوام کی بھرپور مدد کی ہدایت کی اور کہا کہ پورے ملک میں امدادی کاموں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، انتظامیہ اور ادارے عوام کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

وزیر خارجہ اور آصف زرداری کا اظہار افسوس

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں طوفانی بارش کے دوران حادثات میں ہلاکتوں پر اظہار رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردیاں حادثات میں اپنے پیاروں کے کھونے والے خاندانوں کے ساتھ ہیں، ان کا غم میرا غم ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی جانیں بچانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں۔ پارٹی کارکنان متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ سے تعاون کریں، امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر اپنا فرض نبھائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں اب مون سون ایک خوفناک صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گزشتہ مون سون میں بھی پاکستان کو قیامت سے پہلے قیامت جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑاتھا، گزشتہ سال حکومتی سطح پر لاکھوں متاثرین کو ریسکیو کیا گیا، تاہم متاثرین ایک بڑی تعداد آج بھی امداد کی منتظر ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کا بوجھ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک پر ڈالنا ناانصافی ہوگی، عالمی برادری ساتھ دے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا بنوں میں بارش اور طوفان سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرین و لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ آصف زرداری نے کہا کہ وفاقی اور خیبر پختونخوا کی حکومت بارش اور طوفان کے متاثرین کی مدد کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں