0

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تندوروں کے ساتھ ساتھ بیکری مالکان کو بھی بیکری مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کریں

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم آٹے اور میدے کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے باوجود ڈبل روٹی بسکٹ بنانے والے بیکری مالکان ڈبل روٹی بسکٹ کے نرخوں میں کمی کرنے سے انکاری۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تندوروں کے ساتھ ساتھ بیکری مالکان کو بھی بیکری مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کریں۔ نرخ کم نہ کرنے والے بیکری مالکان کو جرمانے کریں تاکہ خود ساختہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ اس حوالے سے شہری تنظیموں کے عمائدین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیکری مالکان نے جنگل کا قانون نافذ کررکھا ہے گزشتہ ماہ حکومت نے آٹے اور میدے کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کردی، جس کے ساتھ ہی 20 روپے میں فروخت ہونے والی روٹی کی قیمت میں 6 کی کمی کرکے تندور مالکان کو 100 گرام روٹی 14 روپے میں فروخت کرنے کے سخت احکامات جاری کررکھے ہیں جبکہ اس کے برعکس بیکری مالکان نے از خود قیمتوں میں کمی کرنے کی بجائے سابق نرخوں پر میدے سے تیار اشیاء فروخت کررہے ہیں جو کہ صارفین کے ساتھ سخت زیادتی کے مترادف ہے، حکومت کو چاہیے کہ تندور مالکان کے ساتھ ساتھ بیکری مالکان کو بھی نرخوں میں کمی کرنے کے احکامات جاری کریں تاکہ وطن عزیز میں مہنگائی کی لہر کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی سے مطالبہ کیاہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بیکری مالکان کے خلاف کارروائیاں کرکے احکامات جاری کریں تاکہ بیکری مصنوعات کے نرخوں میں بھی کی واقع ہو سکے۔