جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی عدم توجہی ویگنوں کے منشیوں نے آرٹی اے کے اختیارا ت سنبھال لئے، مسافر سراپا احتجاج، ٹرانسپورٹروں نے اندرون ضلع اور جی ٹی روڈ کے مختلف رو ٹس کے کرایوں میں از خود اضافہ کرکے وصولیاں شروع کررکھی ہیں۔ کرایوں میں اضافے کے باعث مسافروں اورکنڈیکٹروں میں لڑائی جھگڑے روزانہ کا معمول بن چکے ہیں،مسافروں نے ڈپٹی کمشنر، چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھار ٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا،تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات میں معمولی اضافے کے ساتھ ہی اندرون ضلع سمیت جی ٹی روڈ پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے مالکان نے آرٹی اے سیکرٹری کے اختیارات سنبھال کر کرایوں میں از خود اضافہ کر دیا، اندرون ضلع چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فی مسافر اضافہ کر دیا ہے، جبکہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، کرایوں میں اضافے پر جب مختلف ٹرانسپورٹرزسے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ جب بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے، جس کو مد نظر رکھتے ہوئے مجبوراً کرایوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے،متعلقہ محکمے نے نہ تو کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کسی قسم کے کوئی احکامات جاری کئے گئے ہیں جس کیوجہ سے مجبوراً کرایوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے، دوسری جانب مسافروں کا کہنا ہے کہ باقاعدہ ایک سرکاری ادارہ قائم ہے جس نے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے کرایوں کا تعین کرنا ہوتا ہے، لیکن بدقسمتی سے ضلع جہلم میں تعینات متعلقہ ذمہ داران نے مسافروں اور شہریوں کے مسائل سے لا تعلقی اختیار کر رکھی ہے، جس کیوجہ سے ضلع بھر میں جنگل کا قانون نافذ ہے، مسافروں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں کا پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررہ کردہ شیڈول کے مطابق تعین کیا جائے اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور ٹرانسپورٹرز کی پشت پناہی کرنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ ضلع بھر میں نافذ جنگل کے قانون کا خاتمہ ہو سکے۔
0