تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی پاکستان سیف سٹی اتھارٹی کےدورے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا 9 مئی کوملکی تاریخ کا بھیانک ترین اور دلخراش واقعہ ہوا، آرمی وپولیس کےزخمی افسران کی تیمارداری کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ 75 سالہ تاریخ میں جو دشمن نہیں کرسکا وہ عمران نیازی کی سربراہی میں ہوا، جناح ہاؤس کاہرکمرہ جلایا گیا اور فرنیچرتک جل گیا، عمران نیازی کے جتھوں نے جناح ہاوس کو جلا دیا، اس المناک واقعےکےبعدپوری قوم انتہائی غمگین ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جناح ہاؤس جلانے والے افراد کی نشاندہی کرنیوالوں کیلئے انعام کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ یہ جتھہ دہشت گردوں اورملک دشمن سے کم نہیں، ایسی منصوبہ بندی کرنےکاکوئی پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتا، بدترین حرکت میں حصہ لینےوالوں کیخلاف آئین وقانون میں جوسزائیں ہیں وہ انہیں ملیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں نے اس حرکت میں حصہ لیا ان کیلئےآئین وقانون میں جو سزا ہے ہرصورت دی جائے گی، جنہوں نے منصوبہ بندی کی ، ڈنڈےپولیس وفوجی افسران پرڈنڈےبرسائے، جوانوں پر حملہ آور ہوئے انہیں قانون گرفت میں لےگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اور جتھوں کے سوا پوری قوم غمزدہ ہے، جنہوں نے اپنے خون سے سرحدوں کی حفاظت کی، ان شہیدوں اور غازیوں کی بےحرمتی کی گئی، اپنے وطن میں اپنوں نے دشمن بن کر اداروں پر حملہ کیا، منصوبہ بندی کرکےسرکاری املاک کوبدترین نقصان پہنچایاگیا۔
انھوں نے واضح کیا کہ جنہوں نے اشتعال انگیزی دلائی ،مدد کی،آگ کو بھڑکایا ان کو چن چن کرگرفتار کیا جائے گا، کسی نے خانہ پوری کرنے کی کوشش کی تو وہ ناقابل برداشت ہوگی اور قانون ہاتھ میں لینےوالوں کےساتھ سختی سےنمٹاجائے گا۔
وزیراعظم نے تمام حملہ آوروں کو 72 گھنٹے میں گرفتار کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ان کے کیسز انسداد دہشت گردی میں چلائے جائیں گے، انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی تعداد کو بڑھایا جائے، رات میں بھی کیسز چلانےپڑیں تو چلائے جائیں۔