0

نیپرا نے بجلی کنکشن کی سکیورٹی فیس میں غیر معمولی اضافے کا فیصلہ کرلیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم نیشنل الیکٹرک پاور یگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کنکشن کی سکیورٹی فیس میں غیر معمولی اضافے کا فیصلہ کرلیا۔ نیپرا ذرائع کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے جس میں گھریلو صارفین کے لیے بجلی کنکشن کی سکیورٹی فیس 1220 روپے سے بڑھا کر 18 ہزار روپے کرنے کی درخواست کردی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 کلوواٹ سے کم لوڈ والے صارفین کو 20 ہزار روپے فی کلو واٹ ادائیگی کرنا ہوگی اور سنگل فیز میٹر پر کنکشن کے لیے صارفین کو 24 ہزار روپے تک ادائیگی کرنا پڑے گی۔ ذرائع کے مطابق دیہی علاقوں میں سکیورٹی فیس 610 سے بڑھا کر 7800 روپے فی کلو واٹ کرنے کی درخواست کی گئی ہے جبکہ 10 مرلہ سے زائد اراضی کے حامل صارفین کو پراپرٹی ریٹ کا ایک فیصد ادا کرنا پڑے گا۔ نیپر اذرائع کا کہنا ہے کہ صنعتی، اسٹریٹ لائٹس اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے لیے بھی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت کمرشل اور چھوٹی صنعت کی فیس 2010 سے بڑھا کر 57000 روپے فی کلوواٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت پاور ڈویژن نے 3 ماہ کے بلوں کے مطابق سکیورٹی بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاہم نیپر امیں سماعت کے بعد سکیورٹی فیس بڑھا کر ڈیمانڈ نوٹسز کا اجراء کیا جائیگا، واضح رہے کہ اس سے قبل جولائی 2003ء میں بھی کنکشن فیس بڑھائی جا چکی ہے۔