پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میئر اور سلمان عبداللّٰہ نے ڈپٹی میئر کراچی کا حلف اٹھا لیا۔ الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے مرتضیٰ وہاب اور سلمان مراد سے حلف لیا۔
کراچی کے پولو گراؤنڈ میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت صوبائی وزراء نے شرکت کی۔
جماعت اسلامی کے حافظ نعیم میئر کی حلف برداری کی تقریب میں احتجاجاً شریک نہیں ہوئے اور اپنے ایک بیان میں کہا کہ جو آج خوش ہو رہے ہیں کل ان کے ساتھ ہاتھ ہوگا تو پتا چلےگا۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور سلمان عبداللہ مراد 15 جون کو کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر منتخب ہوئے تھے، مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل جماعتِ اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن 160 ووٹ لے سکے۔