پی پی پی رہنما نبیل گبول نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن جو ابھی نہیں ہو رہے اس کی اہم وجہ نوازشریف کی واپسی ہے، نوازشریف کی واپسی کا جس دن اعلان ہوگا اسی دن الیکشن شیڈول بھی آجائے گا۔
نبیل گبول کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو خدشہ ہے کہ الیکشن نہیں ہوں گے تو ان کیلئے کیسز کا سامنا کرنا کٹھن ہوگا، میری اطلاعات ہیں کہ نواز شریف پاکستان واپس نہیں آرہے، نواز شریف کو جب تصدیق ہوگی کہ الیکشن ہونے جارہے ہیں تب آئیں گے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کے بھائی وزیراعظم رہے ہیں اندر کی ساری اطلاعات دی ہوں گی، شہبازشریف نے نواز شریف کو بتایا ہوگا کہ آنے والے دنوں میں کیا ہونے جا رہا ہے، یہ بھی بتایا ہوگا کہ 16 ماہ میں کیا ہوا تھا۔
انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے لیکن وہ یہ کام نہیں کررہا، بلاول بھٹو نے کہا الیکشن کمیشن کم ازکم الیکشن شیڈول کا اعلان تو کرے، الیکشن کمیشن نے تاریخ نہیں دی تو چند ماہ کیا چند سال بھی الیکشن نہیں ہونگے۔