کراچی کے میئر کے عہدے کے سرفہرست دعویداروں حافظ نعیم الرحمٰن اور مرتضیٰ وہاب نے اپنے کاغذات نامزدگی صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر میں ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرائے۔
ریجنل الیکشن کمشنر اور آر او نذر عباس کا کہنا ہے کہ جے آئی اور پی پی پی سے تعلق رکھنے والے چھ امیدواروں نے میئر کراچی کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اس کے علاوہ جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان تحریک انصاف کے 8 امیدواروں نے ڈپٹی میئر کے عہدے کے لیے کاغذات جمع کرائے۔
جماعت اسلامی کے ایڈووکیٹ سیف الدین اور محمد جنید مکاتی اور پیپلز پارٹی کے سید نجمی عالم اور کرم اللہ وقاصی نے بھی بالترتیب حافظ نعیم الرحمٰن اور مرتضیٰ وہاب کے کورنگ امیدواروں کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
ڈپٹی میئر کے عہدے کے لیے جماعت اسلامی کے ایڈووکیٹ سیف الدین اور قاضی سید صدر الدین، پیپلز پارٹی کے سلمان عبداللہ مراد اور ایڈووکیٹ ارشاد علی شر، مسلم لیگ (ن) کے محمد اکرم اعوان، غلام شعیب اور محمد یعقوب اور پی ٹی آئی کے ذیشان زیب نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ متعلقہ الیکٹورل کالجز 15 جون کو کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میئر، ڈپٹی میئر اور میونسپل کارپوریشنز، ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں، ٹاؤن کمیٹیوں اور ڈسٹرکٹ کونسلز کے چیئرمینوں/وائس چیئرمینوں کا انتخاب کریں گے۔
شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال (آج) 11 جون کو ہوگی۔
شیڈول میں مزید کہا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی کی منظوری/مسترد کے بارے میں ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 12 جون (پیر) ہے جبکہ اپیلیٹ اتھارٹی ان اپیلوں پر فیصلہ 13 جون (منگل) کے روز کرے گی۔ میئر کے انتخابات 15 جون (جمعرات) کو ہونے والے ہیں۔