سندھ میں بجلی چوری کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کیلئے چیف سیکرٹری نے خصوصی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی میں ڈی آئی جیز، ضلعی ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، حیسکو اور سیپکو کے نمائندے شامل ہوں گے۔ نوٹیفیکشن کے مطابق کمیٹی سب سے زیادہ لائن لاسز والے فیڈرز کا ڈیٹا فراہم کرے گی۔
ملتان الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی (میپکو) کی جانب سے پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے ممتاز علی چانگ کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
دوسری جانب راجن پور کی بستی پرہار میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرنے والی میپکو ٹیم کو یرغمال بنالیا گیا۔
بہاولپور ریجن میں میپکو حکام کی بجلی چوروں کے خلاف کاروائیوں کے دوران حاصل پور اور اوچ شریف میں چوری سے چلائے جانے والی زرعی ٹیوب ویل اور گھروں میں کنڈا لگا کر ڈائریکٹ بجلی کی سپلائی منقطع کرکے ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جنوبی پنجاب سے 258 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی خصوصی اینٹی تھیفٹ ٹیموں نے فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی اور سرگودھا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے 87 بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جبکہ بجلی چوروں کے تمام کنکشنز منقطع کرکے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔