وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام تب ہی ممکن ہے جب ملک میں سیاسی استحکام ہوگا، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی، سسکتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کیلئے موجودہ حکومت نے ہر ممکن کوشش کی۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوے اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کے دور میں ڈالر106 روپے تھا، گزشتہ حکومت نے ریکارڈ قرضے لیے، معاشی ٹیم نے موجودہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کی بھرپور کوششیں کیں۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ 2022 میں پاکستان کو کوشدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، سیاسی اور غیر سیاسی قوتوں کی وجہ سے نظام ڈی ریل ہوا، پاکستان کو سنوارنے کی ذمہ داری عوام اور حکومت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین پاکستان تقاضا کرتا ہے کہ خلوص نیت سے اس پر عمل کیا جائے، ماضی میں بے دریغ قرض لینے کا طریقہ کار درست نہیں تھا، 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کیلئے ایک پارٹی نے کارکنوں کو اکسایا۔