مئیر کراچی کی تقریب حلف برادی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دیں، ہم اس کامیابی کو تمام شہیدوں کے نام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے جھوٹے الزامات لگانے والوں کو اپنی کارکردگی سے جواب دیں گے، پیپلز پارٹی ہمیشہ سے یہیں رہی ہے اور شہر کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے، کشمیر سمیت ملک بھر میں ہر جگہ پیپلز پارٹی کے نمائندے جیت رہے ہیں جبکہ ماضی میں پیپلز پارٹی کا راستہ روکا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں میں کوئی فرق نہیں ہے، عوام تقسیم کی سیاست کو رد کر دیں، کے ایم سی اپنا پراپرٹی ٹیکس جمع کر سکتی ہے، اس طرح کے ٹیکسز جمع کرنے کا اختیار بلدیاتی اداروں کو دینے سے بہتری آئے گی، سرکاری اور نجی شعبے کا اشتراک کامیاب اور فائدہ مند رہا ہے، کراچی میں بھی پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میں جماعت اسلامی کو مشورہ دوں گا کہ وہ ملکر کام کریں، 9 مئی کے واقعات کے ذمے دار سے زمان پارک میں ملاقات کا مقصد کراچی پر قبضہ کرنا تھا، اللہ کا شکر ہے کراچی پر قبضے کی سازش ناکام ہوئی، ہم سب ملکر کراچی کے مسائل حل کر سکتے ہیں، جماعت اسلامی کا سندھ اور قومی اسمبلی میں صرف ایک ایک رکن ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ وہ ہمارا کس طرح گھیراؤ کریں گے؟
ان کا کہنا تھا ملک کو کوئی ایک شہر بچا سکتا ہے تو وہ کراچی ہے، کراچی پورے ملک کو مسائل سے نکال سکتا ہے، کراچی کے معاملے پر ذاتی دلچسپی لوں گا، ماضی کے بلدیاتی انتظامات سے ہمارے میئر کے انتظامات بہتر ہوں گے، شہر کے چپے چپے کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ماضی میں پاکستان پیپلزپارٹی کو اپنا میئربنانے سے روکا گیا تھا، مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی ماضی کے تمام میئرز کراچی سے بہتر ہو گی، امید کرتے ہیں شہر کےعوام کی امیدوں پر پورےاتریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا آصف زرداری جلد واپس آ رہے ہیں اور لاہور میں بیٹھیں گے، پیپلز پارٹی کو لیول پلینگ فیلڈ دی جاتی ہے تو ہم بہتر پرفارم کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کےساتھ اچھا ورکنگ ریلیشن رہا ہے، ن لیگ کے ساتھ کوئی سیاسی اختلاف نہیں، پالیسی پر اختلاف ہو سکتا ہے، آگے جاکر بھی مجھے ن لیگ کے ساتھ کوئی سیاسی اختلاف نظر نہیں آرہا، امید کرتا ہوں کہ میثاق جمہوریت کے تحت ہم مستقبل میں آگے جائیں گے۔
مردم شماری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ہمیں غیر متنازع مردم شماری چاہیے، پچھلی مردم شماری پر ہمارے اعتراضات تھے، میں سمجھتا ہوں آگے جاکر بھی یہ مردم شماری متنازع ہی رہےگی۔