جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون سیزن کے دوران گزشتہ روز سے 6 اگست تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے جاری نوٹیفیکشن میں بتایا ہے کہ 31 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، جس سے ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ آزاد کشمیر، پنجاب کے بیشتر مقامات، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ اسلام آباد میں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق 2 سے 5 اگست کے دوران مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جب کہ بلوچستان کے برساتی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔
0