0

محکمہ بہبود آبادی جہلم کے زیر اہتمام عالمی یوم آبادی کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد

جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیر احمد راجہ)جہلم محکمہ بہبود آبادی جہلم کے زیر اہتمام عالمی یوم آبادی کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد ضلع کونسل ہال میں منعقد کیا گیا۔ مبین احسن اسسٹنٹ کمشنر جہلم سیمینار کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی یوم آبادی کی تقریبات کا مقصد عوام الناس اور خاص طور پر نوجوانوں میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے مضمرات بارے آگاہی فراہم کرنا ہے پاکستان کی آبادی کا بہت بڑا حصہ بچوں اور نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کی بہترین تعلیم و تربیت اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ترقی کے لیے ایک موقع مہیا کرتا ہے لیکن اگر نوجوانوں بالخصوص خواتین کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ نہ کیا جاسکا اور انہیں مساویانہ بنیادوں پر بہتر پیداواری اور کاروباری مواقع فراہم نہ کئے جاسکے تو یہ معاشرتی ومعاشی ترقی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ بھی ہو سکتے ہیں۔ حسن خالد وڑائچ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر جہلم نے بتایا کہ عالمی یوم آبادی کی تقریبات کا انعقاد تمام تحصیلوں میں کیا گیا ہے۔ تقریبات کا مقصد عوام الناس تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی بارے آگاہی فراہم کرنا ہے جبکہ اس سال کی تقریبات کے ذریعے خواتین کے حقوق، مواقع اور اختیارات بارے آگاہی فراہم کرنا ہے، ضلع جہلم میں شرح اضافہ آبادی پنجاب بھر میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ صحت, تعلیم اور دیگر معاشرتی معاشی اعشارئے بھی نمایاں طور پر بہتر ہیں جو کہ مجموعی معاشرتی رجحان میں بہتری کی وجہ سے ہیں جس میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔