اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے عوام کو دھوکہ دہی اور جعلسازی سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوام غیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ اسکیموں کی فائلوں کی خرید و فروخت سے گریز کریں اور اے ٹی ایم کے بلاک ہونے کے جعلی پیغامات پر کسی بھی نوعیت کی ذاتی معلومات فراہم نہ کریں۔
نیب نے کرپٹو کرنسی کی آن لائن ٹریڈنگ، غیر قانونی ڈپازٹس اور پرائیویٹ لون ایپس کے ذریعے ہونے والی دھوکہ دہی سے بھی ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا۔ مزید برآں، نیب نے عوام کو زیادہ منافع یا غیر حقیقت پسندانہ انعامات کے وعدوں پر یقین نہ کرنے کی ہدایت کی اور ملٹی لیول مارکیٹنگ، جعلی آن لائن لاٹریوں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے جعلی پیغامات سے بھی آگاہ رہنے کی تاکید کی۔
نیب نے یہ بھی بتایا کہ غیر ملکی کرنسی کی آن لائن ٹریڈنگ، جعلی آن لائن ملازمتوں اور ویزوں کی پیشکشیں نوسربازوں کے حربے ہیں۔ شہریوں کو اپنی ذاتی یا بینک کی معلومات، پاس ورڈ اور پن کوڈ کسی بھی صورت میں نہ دینے کی تنبیہ کی گئی۔ حکام نے کہا کہ عوام زیادہ منافع کی لالچ میں آ کر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کیونکہ احتیاط ہمیشہ پچھتاوے سے بہتر ہے۔
The post محتاط رہیں!دھوکہ دہی اور جعلسازی سے بچنے کے لیےنیب کی جانب سےخصوصی انتباہ جاری appeared first on ABN News.