قومی اسمبلی نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 منظور کرلیا ہے۔ اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، رانا قاسم نون نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا۔
بل پارلیمانی کمیٹی کے احکامات کی خلاف ورزی پر لاگو ہوگا، کسی رکن یا کمیٹی کے استحقاق توڑنے پر یہ قانون لاگو ہوگا، ایوان تحریک کے ذریعے توہین کا معاملہ کمیٹی کو بھیج سکے گا۔
بل کے تحت توہین پارلیمنٹ پر مختلف سزائیں تجویز کی گئی ہیں، کسی بھی حکومتی یا ریاستی عہدیدار کو طلب کیا جاسکے گا، 24 رکنی پارلیمانی کمیٹی توہین پارلیمنٹ کیسز کی تحقیقات کرے گی۔
بل کے تحت اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ متعلقہ فرد پر سزا کے تعین کا اعلان کرسکیں گے، سزا کے خلاف ایوان کی مشترکہ کمیٹی سے اپیل کی جاسکے گی۔
6 ماہ قید اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزائیں بل میں تجویز کی گئی ہیں۔