0

فواد چوہدری سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) میں درخواست دائر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری، علی بخاری اور قیوم نیازی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا کہ خدشہ ہے کہ ہائی کورٹ سے نکلتے ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
درخواست میں آئی جی اسلام آباد، ایف آئی اے اور سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو رینجرز نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے اس وقت گرفتار کیا جب وہ پیشی کے دوران ریکارڈ روم میں موجود تھے۔
کراچی میں پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کو پولیس نے شہر کے علاقے کالا پل کے قریب سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔