عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکومت کے فلسطین میں سفیر نایف السدیری یروشلم میں قونصل جنرل کے طور پر بھی کام کریں گے۔
ماجدی الخالدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع ایک اہم قدم ہے جو فلسطین اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔
دوسری جانب سعودی ایلچی نے بھی اپنی تقرری کو ایک اہم قدم قرار دیا جو کہ شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی ریاست فلسطین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور اسے تمام شعبوں میں باضابطہ فروغ دینے کی خواہش کی نشاندہی کرتا ہے۔
فلسطینی تجزیہ کار طلال اوکل نے کہا کہ نایف السدیری کی یہ نئی تقرری مقبوضہ مغربی کنارے میں سعودی عرب کے سرکاری نمائندہ دفتر کے قیام کی جانب ایک قدم ہے۔ یہ ایک پیغام بھی ہے کہ سعودی عرب ایک مکمل خودمختار ریاست میں فلسطینیوں کے حقوق کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ دیگر عرب ریاستوں کے بعد سعودی حکومت بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کرنے پر غور کررہی ہے۔