جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم فاریسٹ ڈویژن کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کامران کاظمی نے کہا ہے کہ عمر بھر اپنا خون پسینہ دیکر محکمہ جنگلات کو نمبر1 بنانے والے ریٹائرڈ ملازمین محکمہ کے لئے تاحیات باعثِ عزت ہیں، نوکری سے ریٹائرمنٹ ملازمت کا حصہ ہے، مگر ہمارے دروازے آپ کے لئے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاریسٹ ڈویژن جہلم سے ریٹائرڈ ہونے والے ڈرائیور طارق کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سب ڈویژنل آفیسر فاریسٹ شیخ تنویر شہزاد، سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سوہاوہ رضوان احمد سمیت محکمہ جنگلات کے ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈی ایف او کامران کاظمی نے کہا کہ آج کی الوداعی تقریب کے موقع پر ہم سب کے چہروں پر خوشی وغم دونوں طرح کے متضاد اثرات نمایاں ہیں۔ایسے مواقعے زندگی میں کبھی کبھی آتے ہیں اور وہ اپنا لازوال اثر چھوڑجاتے ہیں، غم تو اس بات کا ہے کہ آج ہمارے درمیان سے ایک ایسا شخص جدا ہو رہا ہے جس کے ساتھ ہم سب کی بھولی بسری، کھٹی میٹھی یادیں وابستہ ہیں۔سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر شیخ تنویر شہزاد نے کہا کہ ڈرائیور طارق نے اپنی پوری زندگی محکمہ جنگلات کے لیے وقف کی۔ تقریبا ً34 سال کا ایک لمبا عرصہ محکمہ کی خدمت کی۔ موصوف ایک شفیق دوست ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ اپنے ساتھیوں کی رہنمائی کی اور کبھی کسی کے بارے میں غلط نہیں سوچا،ان کی محکمہ جنگلات کے حوالے سے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔اس موقع پر ریٹائرڈ ہونے والے ڈرائیور طارق کو پھولوں کے گلدستے اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
0