اسلام آباد( نیوز ڈیسک )وزارت اقتصادی امور کے مطابق عالمی بینک قرض پروگرام منسوخی کے حوالے سےقومی اخبار میں شائع ہونے والی خبر بے بنیاد ہے۔ اس خبر میں جس 50 کروڑ ڈالر قرض پروگرام کی منسوخی کا حوالہ دیا گیا ہے، اس پروگرام کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں ہے۔
نہ کبھی عالمی بینک کے بورڈ نے آس کی منظوری دی اور نہ ہی حکومت نے اس پر دستخط کیے ہیں۔ علاوہ ازیں، یہ خبر وزارت توانائی اور وزارت اقتصادی امور کا نقطہ نظر تلاش کیے بغیر شائع کی گئی ہے۔ورلڈ بینک پاکستان کا سب سے بڑا کثیر الجہتی ترقیاتی شراکت دار ہے، اسوقت پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان 15.33 ارب ڈالر کے 53 منصوبوں پر کام جاری ہے۔
1950 سے لے کر اب تک، ورلڈ بینک نے پاکستان کو 46 ارب امریکی ڈالر سے زائد مالی امداد فراہم کی ہے۔ ورلڈ بینک پاکستان کی معاونت مختلف مالی امدادی طریقوں کے ذریعے کرتا ہے جن میں سرمایہ کاری منصوبہ مالی امداد (آئی پی ایف)، نتائج کے پروگرام (پی ایف آر)، اور ترقیاتی پالیسی مالی امداد (ڈی ایف پی) شامل ہیں۔ 2009 کے بعد سے، ورلڈ بینک نے پاکستان کو 12 پروگراموں کے لیے ترقیاتی پالیسی مالی امداد (ڈی پی ایف) فراہم کی ہے جن کی مالیت 5 ارب امریکی ڈالر سے زائد ہے، جو کہ اہم شعبوں جیسے کہ ریونیو اور فنانس، توانائی، سوشل سیفٹی نیٹس، اور انسانی ترقی میں ہیں۔
حالیہ برسوں میں دستخط شدہ اہم DPF پروگراموں میں سیکیورنگ ہیومن انویسٹمنٹس ٹو فوسٹر ٹرانسفارمیشن ڈیولپمنٹ پالیسی فنانسنگ (شفٹ 1 اور شفٹ 2) شامل ہیں، جس کی مالیت 900 ملین امریکی ڈالر ہے تاکہ صحت، تعلیم اور سول رجسٹریشن کے نظام کو مضبوط کیا جا سکے؛ ریزیلینٹ انسٹی ٹیوشنز فار سسٹین ایبل اکنامی (رائس 1 اور رائس 2) جس کی مالیت 850 ملین امریکی ڈالر ہے تاکہ فزکل مینجمنٹ اور مسابقتی اصلاحات کی حمایت کی جا سکے؛ اور “پروگرام فار افورڈ ایبل اینڈ کلین انرجی (پیس) جس کی مالیت 400 ملین امریکی ڈالر ہے تاکہ سرکولر ڈیٹ کو کم کیا جا سکے، توانائی کے مکس کو ڈی کاربونائز کیا جا سکے، اور تقسیم کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
ورلڈ بینک کا سستی اور صاف توانائی کا پروگرام (پیس) 2020 میں بجٹ سپورٹ پروگرام کے طور پر شروع کیا گیا تھا، اور پیس-ون کے تحت درکار تمام پیشگی کارروائیاں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی تھیں، بشمول IPPs کے ساتھ ٹیرف پر نظرثانی، قومی بجلی کے منصوبے کی منظوری شامل تھی۔
اس منصوبے کی مالیت $400 ملین تھی، عالمی بینک بورڈ نے جون 2021 میں اس کی منظوری دی تھی۔ پیس-ٹو پروگرام شروع نہیں کیا گیا، کیونکہ عالمی بینک کی مدد کی توجہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر مرکوز ہو گئی، جس میں داسو ہائیڈرو پاور ڈیم کے لیے 1 بلین ڈالر کی فنانسنگ اور بجلی کی تقسیم اور ترسیلی اصلاحات کے لیے سپورٹ شامل ہے۔ پیس-ٹو منصوبے کو منسوخ کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، کیونکہ اس کو شروع کرنے پر ابھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ لہذا مقامی اخبار کی خبر میں اس منصوبے سے متعلق کئے گئے دعوے گمراہ کن اور حقائق سے متصادم ہیں۔
تاہم، حکومت پاکستان نے حال ہی میں اپنی توجہ ڈی پی ایف سے آئی پی ایف منصوبوں کی طرف مبذول کر دی ہے، جو کہ پاور سیکٹر میں بنیادی ڈھانچے کی فوری ضرورتوں کے پیش نظر ہے۔ ان میں پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانا، ٹرانسمیشن کی کارکردگی میں اضافہ اور لائن کے نقصانات کو کم کرنا شامل ہے۔ اسی وجہ سے پیس-ٹو پروگرام کبھی بھی مالی سال 22، 23، یا 24 کے بجٹ تخمینوں کا حصہ نہیں تھا اور اس کا ملک کی بیرونی مالیاتی ضروریات یا ورلڈ بینک سے بجٹ کی امداد پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
گزشتہ چند مہینوں میں، پاکستان کے لیے عالمی بینک نے آئی پی ایف منصوبوں کے حوالے سے امداد جاری کی۔ حکومت پاکستان نے کامیابی کے ساتھ پچھلے دو سالوں میں 2 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کی ریکارڈ تقسیم کو حاصل کیا ہے، رواں مالی سال میں اسی طرح کی تقسیم کو حاصل کرنے کے ہدف کے ساتھ۔ وزارت اقتصادی امور اس مالی سال کے دوران تقریباً 1.5 بلین امریکی ڈالر کے منصوبوں پر بھی بات چیت کر رہی ہے۔وزارت اقتصادی امورقومی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کو ایک غلط بیانی کے طور پر دیکھتی ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی اداروں کے ساتھ پاکستان کی کامیاب شمولیت کو نقصان پہنچانا ہے۔
یہ عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کی شاندار شراکت داری کے بارے میں غیر ضروری خدشات پیدا کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے۔حکومت پاکستان عالمی بینک کے ساتھ اپنی مضبوط اور نتیجہ خیز شراکت داری کا اعادہ کرتی ہے اور بنیادی ڈھانچے اور توانائی کی اصلاحات پر مسلسل تعاون کے ذریعے ملک کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں: وفاق اور چاروں صوبوں میں خصوصی عدالتوں کا نوٹیفکیشن جاری
The post عالمی بینک قرض پروگرام کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر من گھڑت ہے، وزارت اقتصادی امور appeared first on ABN News.