0

عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق درخواست پر اہم پیش رفت

اسلام آباد(محمد ابراہیم عباسی )عافیہ صدیقی کی صحت یابی اور وطن واپسی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم نے عافیہ صدیقی کیس میں امریکہ جانے والے وفد کو مالی معاونت فراہم کرنے کی سمری پر دستخط کر دیئے ہیں۔

اس سلسلے میں وزارت خارجہ نے وفد کے ویزوں سے متعلق درخواست جمع کروا دی ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر ویزوں کی منظوری ہو جائے گی۔وزارت خارجہ کے نمائندے نے عدالت کو یقین دلایا کہ حکومت ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ تاہم، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر سینیٹر عرفان صدیقی وفد کے ساتھ نہیں جا سکیں گے، البتہ حکومت کی جانب سے سینیٹر بشریٰ وفد کے ساتھ امریکہ جائیں گی۔

کیس کی سماعت جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کی، جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل، وزارت خارجہ کے نمائندے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق اور عدالتی معاون زینب جنجوعہ پیش ہوئے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس نے ایک لاکھ ،2 ہزار کی حد عبورکرلی

The post عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق درخواست پر اہم پیش رفت appeared first on ABN News.